فیصل آباد پولیس کا ویمن سیلف ڈیفنس پروگرام شروع

فیصل  آباد  پولیس  کا ویمن  سیلف  ڈیفنس  پروگرام  شروع

فیصل آباد(عبدالباسط سے )خواتین پر بڑھتے ظلم و ستم ، معاشرتی جبر و تشدد، اغواء، ہراسگی اور مبینہ زیادتی کے بڑھتے واقعات کی روک تھام اور خواتین کو اپنی ہی حفاظت کرنے کے قابل بنانے کیلئے فیصل آباد پولیس نے وویمن سیلف ڈیفنس پروگرام کا آغاز کر دیا ۔۔

پولیس کی اعلیٰ تربیت یافتہ لیڈیز اہلکاروں اور افسران کی جانب سے مختلف تعلیمی اداروں اور پبلک سیکٹرز میں جا کر خواتین کو وویمن سیلف ڈیفنس کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق خواتین پر بڑھتے معاشرتی ظلم و ستم، ہراسگی، اغواء، تشدد اور مبینہ زیادتی کے واقعات کو کنٹرول کرنے اور ان واقعات کا شکار بننے سے بچاؤ کے لئے خواتین کو سیلف ڈیفنس کی خصوصی تربیت دینے کے لئے سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کی جانب سے خصوصی تربیتی کورس کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ خواتین کو سیلف ڈیفنس کے طریقوں سے روشناس کروانے کے لئے تعینات کی جانے والی لیڈیز پولیس افسران اور اہلکاروں کو خصوصی ریفریشر کورسز کروائے گئے ہیں جو شہر کے مختلف سرکاری ، غیر سرکاری تعلیمی اداروں، دفاتر اور دیگر پبلک سیکٹرز میں جا کر وہاں موجود خواتین اور لڑکیوں کو سیلف ڈیفنس کے مختلف طریقوں سے روشناس کروائیں گی۔ خواتین کو اپنی حفاظت خود کرنے کے قابل بنانے کیلئے پولیس کی جانب سے شروع کئے گئے اس اقدام پر شہریوں نے پولیس کو خوب سراہا ہے ۔ اس حوالے سے سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کا کہنا ہے کہ ملکی ترقی و سلامتی اور خوشحالی میں خواتین بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں ، آؤٹ ڈور سروسز فراہم کرنے والی خواتین اور طالبات کو تحفظ کی فراہمی اور انہیں اپنی حفاظت خود کرنے کے قابل بنانا اولین ترجیح ہے ۔ سیلف ڈیفنس تربیتی کورس کروانے کے عوض معمولی فیس بھی وصول کی جائے گی۔ اور فیسوں سے جمع رقم کو سیلف ڈیفنس ٹرینرز ٹیم کی ویلفیئر پر ہی خرچ کیا جائے گا۔ کامران عادل نے مزید کہا کہ تربیت حاصل کرنے والی خواتین اور لڑکیوں کی مدد سے بھی پولیس کا مضبوط نیٹ ورک قائم ہو جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں