بااثر افراد کی جانب سے باڈی مساج سینٹر کی آڑ میں بدکاری کے اڈے چلانے کا انکشاف
فیصل آباد(عبدالباسط سے )شہر کے مختلف علاقوں میں با اثر اور ہائی پروفائل تعلقات کے حامل افراد کی جانب سے باڈی مساج سینٹر کی آڑ میں بدکاری کے اڈے چلائے جانے کا انکشاف سامنے آگیا۔
باڈی مساج سینٹرز میں مبینہ طور پر خواتین مردوں کے مساج کرنے لگیں۔ مساج سینٹرز چلانے والے عناصر کی جانب سے فیس بک، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے بلا خوف و خطر اپنی تشہیر کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ سوشل میڈیا پر تفصیلات اپلوڈ کرنے کے باوجود پولیس اور دیگر ادارے ان عناصر کے خلاف کار روائیاں کرنے میں غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ جبکہ بدکاری کے با آسانی مواقع میسر آنے کے باعث نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ رہی ہے ۔مدینہ ٹاؤن، جڑانوالہ روڈ، کوہ نور، سول لائنز، بٹالہ کالونی، پیپلز کالونی، کنال روڈ، سمیت مختلف علاقوں میں مساج سینٹرز قائم کر لئے گئے ہیں جن کو پولیس کی مبینہ پشت پناہی حاصل ہے ۔ یہ بھی انکشاف ہوا کہ مساج سینٹرز کی آڑ میں جسم فروشی کے اڈے بھی چلائے جا رہے ہیں۔ جبکہ مساج سینٹرز میں آنے والے افراد کی مبینہ طور پر خفیہ ویڈیوز ریکارڈ کرنے کے بعد انہیں بلیک میل اور ہراساں کرنے کے واقعات بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔ پولیس نذرانے لیتی ہے علاقہ مکینوں کی جانب سے بھی پولیس سے اظہار ناراضگی کیا جا رہا ہے ۔ سی پی او کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کیخلاف قانونی کار روڑیوں کے ساتھ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کی خاتمے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔