پبلک پوائنٹس پر نوسر بازی ، جیب تراشی ، پولیس ناکام

پبلک پوائنٹس پر نوسر بازی ، جیب تراشی ، پولیس ناکام

فیصل آباد(عبدالباسط سے )ریلوے سٹیشن، ٹرانسپورٹ اڈے ، اسپتال، بازار، مارکیٹیں اور تفریحی مقامات سمیت دیگر پبلک پوائنٹس نوسر بازوں، جیب تراشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے لئے مبینہ طور پر محفوظ ترین آماجگاہ بن گئے ۔

 جیب تراشوں کی جانب سے شہریوں کی جیبوں، بیگز کا صفایا کرنے کے ساتھ نوسر بازوں کی جانب سے خود کو سرکاری ملازمین یا روحانی شخصیات ظاہر کرتے ، انعامات کا جھانسہ دیتے ہوئے یا دیگر طریقوں سے شہریوں کو اپنے جھانسے میں لا کر ان سے نقدی، موبائلز، اور دیگر سامان کی لوٹ مار کے واقعات آئے روز سامنے آنے لگے ہیں۔ جبکہ ایسے واقعات سے متعلق متعدد شکایات اور ان واقعات کی ویڈیوز اور سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آنے کے باوجود متعلقہ پولیس ان واقعات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات اُٹھانے میں مبینہ طور پر غیر سنجیدہ دکھائی دیتی ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے بس اڈے ، ریلوے سٹیشن، پارکس، ہسپتال اور دیگر پبلک پوائنٹس جرائم پیشہ عناصر کی محفوظ ترین آماجگاہ بنے دکھائی دیتے ہیں۔مختلف مقامات پر جیب تراشوں کی جانب سے شہریوں کی جیبوں اور بیگز پر اپنا ہاتھ صاف کر لیا جاتا ہے ۔جن میں سے چند افراد پولیس کو شکایات کا اندراج کرواتے ہیں، اور بعض افراد قانونی معاملات میں الجھنے سے بچنے کے لئے خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بس اڈوں، ایئر پورٹ، موٹروے انٹرچینجز اور ریلوے سٹیشن کے اطراف میں نوسر بازوں کے منظم گینگ کی جانب سے مبینہ طور پر گاڑیوں اوپر ریوالونگ لائٹس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مشابہت والے سٹیکرز اور واکی ٹاکی کا استعمال کرتے ہوئے خود کو سرکاری ملازمین ظاہر کیا جاتا ہے اور شہریوں کو روک کر ان کی گاڑیوں اور سامان کی تلاشی لینے کے بہانے ان کے قیمتی سامان پر ہاتھ صاف کر لیا جاتا ہے ۔شہریوں کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ متعلقہ علاقوں کے تھانہ جات اور چوکیوں کی پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کار روائیاں عمل میں لانے کی بجائے ان سے نذرانے وصول کر کے اپنی جیبیں گرم کر لی جاتی ہیں تاہم سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کے مطابق جرائم کی وارداتوں کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کیلئے فیصل آباد پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں