ڈی جی ماحولیات کا پو لی تھین بیگز استعمال کرنے کیخلاف ایکشن
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)روزنامہ دنیا کی خبر پر ڈی جی ماحولیات کو ہوش آگیا پنجاب بھر میں سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف 10 دسمبر سے کریک ڈاؤن کا آغاز کرنے کی تحریری ہدایت کردی اور پلاسٹک مینجمنٹ کمیٹیاں بھی تشکیل دے دیں۔
روزنامہ دنیا نے 29 نومبر کو پلاسٹک میٹریل اور پولی تھین بیگز کی پابندی پر عملدرآمد نہ ہونے کی خبر شائع کی جس پر ڈائریکٹر جنرل تحفظ ماحولیات عمران حامد شیخ نے روزنامہ دنیا کی نشاندہی پر ایکشن لیتے ہوئے خبر شائع ہونے کے بعد اگلے ہی روز صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات کو ایک مراسلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ ای پی اے پنجاب نے سنگل یوز پلاسٹک کے قوانین میں ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے خلاف ورزی پر 5000سے 50,000روپے تک جرمانے عائد کیے جائیں گے خلاف ورزی پر جگہ سیل اور مواد ضبط کیا جائے گا 75 مائیکرون سے کم پلاسٹک شاپنگ بیگز کی خرید و فروخت پر مکمل بند کروائی جائے گی سنگل یوز پلاسٹک کے خاتمے کے لیے 9 دسمبر تک عوام کو مہلت دی گئی ہے ہر ضلع میں پلاسٹک مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں پلاسٹک کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر سخت کارروائی کی جائے گی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو کریک ڈاؤن کے لیے تعاون کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔