سرکاری ہسپتالوں میں13ہزار مریضوں کیلئے صرف ایک ڈاکٹر ،محکمہ صحت کمی پوری کرنے میں ناکام
فیصل آباد(بلال احمد سے )سرکاری علاجگاہوں میں 13 ہزار مریضوں کیلئے صرف ایک ڈاکٹر کی موجودگی نے حکومت کے عوام کی صحت سے متعلق دعووں کی قلعی کھول دی ہے ۔ محکمہ صحت ڈاکٹرز کی کمی پوری کرنے میں ناکام ہوگیا۔
جبکہ جونیئر اور زیر تربیت ڈاکٹرز کی جانب سے مریضوں پر علاج معالجہ کے نام پر تجربات کا سلسلہ جاری ہے ۔ ضلع میں 2جنرل ہسپتال، 4تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال، 15دیہی مراکز صحت، 168بنیادی مراکز صحت اور123 ڈسپنسریزاور ماں بچہ صحت سنٹرز ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر نگرانی چل رہے ہیں۔ایک سال میں 80لاکھ سے زائد افراد نے سرکاری علاجگاہوں کا رخ کیا جن کا علاج کرنے کے لیے ہسپتالوں میں صرف 600 ماہر ڈاکٹرز موجود تھے ۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق کسی بھی ملک میں 1 ہزار افراد کیلئے 1 ڈاکٹرکافی مانا جاتا ہے ۔ تاہم فیصل آباد میں13ہزار سے زائد مریضوں کیلئے 1 ڈاکٹر کی دستیابی حکومتی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہی ہے ۔ سب سے زیادہ نیوروسرجنز کی کمی ہے ۔ جبکہ دیگر شعبوں میں ناک کان گلا، معدے کے امراض، امراض چشم، امراض قلب، پھیپڑوں کے امراض، جلدی امراض، ماہر نفسیات، بچوں کے ماہر ڈاکٹرز، انیستھیزیا کے ماہرین اور دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے ماہر ڈاکٹرز کی شدید قلت ہے ۔ ڈاکٹرز کی بڑی تعداد کم تنخواہوں کے باعث بیرون ممالک نوکریوں کیلئے روانہ ہوجاتی ہے شہریوں نے حکومت سے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔