حافظ آباد:ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک
حافظ آباد(نمائندہ دنیا ، نامہ نگار )ایچ آئی وی/ ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔۔۔
جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ظہیر احمد کھوکھر، ڈی ایچ کیوکے شعبہ ا ے آرٹی انچارج ڈاکٹر عنایت اﷲ، پرنسپل نرسنگ کالج میڈم شمع اور ڈسٹرکٹ انچارج نئی زندگی ٹرسٹ فضل الرحمن شیخ نے ٹیم کے ہمراہ ایچ ائی وی ایڈز کی روک تھام کے لیے کی جا رہی کاوشوں کا ذکر کیا ،جبکہ تقریب میں ایچ آئی وی ایڈز کنٹرول پروگرام سے متعلقہ تمام اداروں نے شمولیت اختیار کی۔ واک کے شرکا کو ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام اس کے علاج اور اس کے پھیلنے کی وجوہات کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ ایچ آئی وی/ ایڈز کی روک تھام کے لیے عوام کو اس کے بارے میں آگاہی دی جانابہت ضروری ہے ۔ ایڈز وائرس کی جسم میں موجودگی سے لے کر فعال ہونے تک مریض کے اندر مسلسل ایک جنگ کی سی کیفیت رہتی ہے ، اگر مناسب ادویہ استعمال کی جاتی رہیں، تو طویل عرصے تک بیماری متحرک نہیں ہوتی لیکن ایڈز کے مریضوں کو ادویہ کے ساتھ نفسیاتی مدد کی بھی ضرورت ہوتی ہے ، تاکہ وہ حوصلے اور جرأت مندی سے مرض کا مقابلہ کرسکیں۔