سیالکوٹ:ٹریفک مسائل ، تجاوزات کے خاتمہ کیلئے سکواڈتشکیل

 سیالکوٹ:ٹریفک مسائل ، تجاوزات کے خاتمہ کیلئے سکواڈتشکیل

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) شہرمیں ٹریفک کی روانی اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل، ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، میونسپل کارپوریشن ریگولیشن ونگ اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کا مشترکہ سکواڈ بنایا جائیگا۔

 یہ بات اراکین پنجاب اسمبلی محمد منشاء اﷲبٹ، فیصل اکرام چودھری ، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال اور ڈی پی او رانا عمر فاروق کی زیر سربراہی متعلقہ اداروں کے مقامی حکام اور سٹیک ہولڈرز کی ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، سی او میونسپل کارپوریشن افضل ملک،ڈی ایس پی سٹی طارق ڈھڈی، ڈی ایس پی ٹریفک بابر ، ٹریفک انسپکٹر خرم شہزاد، سیکرٹری آر ٹی اے مظفر مختار، سابق ڈپٹی میئر چودھری بشیر، نواز بھٹی، چودھری محمد اکرم، قیصر بھٹی ، حسنین بیگ اور حامد ناصر بھی موجود تھے ۔ایم پی اے محمد منشا اﷲ بٹ نے کہا کہ اس وقت ٹریفک سیالکوٹ شہر کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے جہاں تمام محکموں نے اپنا کردار ادا کرنا ہے وہیں پر شہریوں کی بھی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور ون وے کی خلاف ورزی اور رانگ پارکنگ سے مکمل گریز کریں۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال اور ڈی پی او رانا عمر فاروق نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کی زیر سربراہی ٹریفک کے قوانین کی خلاف ورزی اور تجاوزات کے خلاف ایکشن سکواڈ تشکیل دیا جائیگا جس میں ٹریفک پولیس، سٹی پولیس، ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور میونسپل کارپوریشن کا ریگولیشن ونگ کے نوٹیفائیڈ سپیشل سکواڈ حصہ ہونگے ۔ انہوں نے کہا ابتدائی طور پر شہر کی 5 اہم روڈ کو تجاوزات فری بنایا جائے گا جبکہ مسلم بازار اور لہائی بازار میں واکنگ سٹریٹس کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا جس میں دن کے اوقات کار میں ہر قسم کی ٹریفک کے داخلہ پر پابندی عائد کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا کہ ڈیفنس روڈ پر بھی دن کے اوقات کار میں ہیوی ٹریفک بند رہے گی جس کا بھی جلد نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں چلنے والی ٹرائی سائیکل رکشہ کی رجسٹریشن کرکے ان کو زون میں تقسیم کیا جائے گا اور زون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں ہوگی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں