نئے گیس کنکشنز کیلئے جمع ڈیمانڈ نوٹسز3 لاکھ سے تجاوز

 نئے گیس کنکشنز کیلئے جمع ڈیمانڈ نوٹسز3 لاکھ سے تجاوز

فیصل آباد(بلال احمد سے )سوئی گیس کا بحران شدید ترہوگیا، نئے کنکشن کے لیے جمع ڈیمانڈ نوٹسز کی تعداد سوا 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی، سوئی گیس کی کم ہوتی سپلائی کے پیش نظر گزشتہ چھ سال سے نئے کنیکشنز لگانے کا سلسلہ رکا ہوا ہے ۔

 ذرائع کے مطابق محکمہ سوئی گیس کی جانب سے سال 2018 تا 19 سے لیکر 2024 تک کے ڈیمانڈ نوٹس جمع ہوچکے ہیں جن کی تعداد سوا لاکھ سے متجاوز کرچکی ہے ، نئے گیس کنکشن نہ ملنے کے باعث شہری ایندھن کے دیگر ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ جن کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے گیس کی فراہمی کے حوالے سے کئے گئے دعوے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہورہے ہیں۔ خصوصی طور پر ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے معاہدے اور منصوبے کے بعد عوام کو ریلیف دینے کے وعدے کیے گئے تھے جن پر عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آرہا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ نئے کنکشن کے لیے محکمہ سوئی گیس کی جانب سے ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں اربوں روپے اکٹھے کیے جا چکے ہیں لیکن کنکشن کب لگے گا اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا جا رہا۔ دوسری جانب گیس کے موجودہ صارفین بھی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کے باعث پریشانی کا شکار ہیں۔ چیف انجینئرمحکمہ سوئی گیس کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں حالیہ صارفین کے لیے گیس کی مکمل فراہمی ممکن نہیں ہورہی۔ لہذا نئے کنکشنز لگانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ حکومت کی جانب سے گیس کی نئے کنکشنز پر پابندی عائد ہے ، محکمے کا کوئی عمل دخل نہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں