اے سی جڑانوالہ کی شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کھلی کچہری
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات پر ہر ماہ کے پہلے دو ورکنگ دنوں میں ریونیو عوامی خدمت سروسز کے تحت محکمہ مال سے متعلقہ عوامی مسائل سننے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر آفس میں تحصیل و سٹی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مسائل سننے کے لیے کچہری لگائی گئی اور درخواستوں کو میرٹ پر نمٹا کر سائلین کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ ایک چھت تلے اسسٹنٹ کمشنر ، تحصیلدار، سب رجسٹرار، قانونگو ، پٹواری اور اراضی ریکارڈ سنٹر کے افسران شہریوں کے محکمہ مال سے متعلقہ مسائل و شکایات سن رہے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنرجڑانوالہ رانا صفدر شبیر نے عوام الناس کے مسائل وشکایات سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو ان کے فی الفور ازالہ کی تاکید کی ۔ درخواست گزاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ تحصیل انتظامیہ لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور حل طلب درخواستوں کو موقع پر نمٹا یا جا رہا ہے ۔ شہریوں کے درستگی ریکارڈ، فرد کا اجراء ، انتقالات کا اجراء، رجسٹر ی انکم سرٹیفکیٹ ، معائنہ ریکارڈ، ڈومیسائل کا اجراء اور ریونیو سے متعلقہ دیگر درخواستوں کو سن کر موقع پر ہی ریلیف فراہم کیا گیا۔ شہریوں کے محکمہ مال سے متعلقہ مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے ۔