زرعی یونیورسٹی میں رضاکاروں کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)رضاکاروں کے عالمی دن کے موقع پر مقررین نے معاشرے کی فلاح و بہبود کیلئے شعوری کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ احسان اور دوسروں کے لئے آسانی پیدا کرنے کے عمل سے معاشرہ محبت کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار مقررین نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے زیراہتمام سیمینار بعنوان \'\'رضاکارانہ خدمات کیلئے ایک بہتر کل\'\'سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں کی ہدایت پر وولینٹیئر لیڈنگ گورننس فورم زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور ایمپاور یوتھ پاکستان کے اشتراک سے کیا گیا۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر افتخار علی نے کہا کہ معاشرے میں مثبت فرق پیدا کرنے کیلئے نوجوان نسل اپنا وقت اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی مایوسی، معاشی بوجھ اور دیگر مسائل کے بادل منڈلا رہے ہیں اگر ہم کسی کا کوئی مسئلہ حل کر سکیں تو اس سے نہ صرف وہ بہتر زندگی گزارنے کے قابل ہو گا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ہمارے اوپر بھی رحمتوں کی بارش ہو گی۔