کمالیہ :فوڈ سیفٹی ٹیم کا چھاپہ ، تیار6من جعلی کھویا برآمد
کمالیہ (نمائندہ دنیا )فوڈ سیفٹی ٹیم کا جعلی کھویا تیار کرنے والے یونٹس پر چھاپہ ، تیار6من جعلی کھویا برآمد کر کے تلف کر دیا گیا ،جبکہ فیکٹری مالکان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایڈیشنل ڈائریکٹر (آپریشنز) فیصل آبادطارق محمود گل اور ڈپٹی ڈائریکٹر (آپریشنز) ٹوبہ ٹیک سنگھ عدنان حیدرکی سربراہی میں کمالیہ کے نواحی علاقہ اڈا کلیرا اور مارتھ چوک پر واقع مبینہ ملاوٹی و جعلی کھویا تیار کرنے والے یونٹس پر چھاپہ مارا اوردو یونٹس کو سیل کر کے پروڈکشن اصلاح تک یونٹس کو بند کر دیا، ملاوٹ و جعلسازی کرنے پر فیکٹری مالک زاہدعباس اور محمد شفیق وغیرہ کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ، جبکہ6 من سے زائد تیار ملاوٹی و جعلی کھویا موقع پر ہی تلف کر دیا گیا، مذکورہ یونٹس پر ویجیٹیبل فیٹ اور دیگر ممنوعہ اجزاء کو ملا کر جعلی و ملاوٹی کھویا تیار کیا جا رہا تھا۔