سوئی گیس کے بلوں کی تقسیم کا نظام بھی درہم برہم ، صارفین بے بس
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)بجلی کے بعد سوئی گیس کے بلوں کی تقسیم کا نظام بھی درہم برہم، شہر کے کئی علاقوں میں دوسرے ماہ بھی سوئی گیس کے بلوں کی تقسیم نہ ہوسکی۔
محکمے کا شکایت کے لیے دیا گیا نمبر بھی اکثر مصروف رہنے سے مسائل مزید بڑھ گئے ،صارفین بے بس ہو کر رہ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں محکمہ سوئی گیس بھی فیسکو کی ڈگر پر چلنے لگا ہے ۔ کئی علاقوں میں صارفین کو چھ ماہ سے بل ہی تقسیم نہ کیے جا سکے جس کے باعث شہری اپنی مدد آپ کے تحت آن لائن بل نکال کر جمع کروانے پر مجبور ہیں۔ جبکہ بل وصول نہ ہونے پر مقررہ تاریخ گزرنے کے باعث لیٹ فیس بھی ادا کرنا پڑ رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے گیس نہیں آتی اور اب بل بھی غائب ہوچکے ہیں۔ جس کے باعث کمپنی کی غلطی کا خمیازہ صارفین کو جرمانے کی صورت میں بھگتنا پڑ رہا ہے بصورت دیگر بل کی درستگی کے لیے لمبی قطاروں میں لگنا پڑتا ہے انہوں نے جی ایم سوئی گیس سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور مسئلے کا حل نکالا جائے ۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں سوئی گیس کے بلوں کی ترسیل آؤٹ سورس ہونے کے بعد ٹھیکہ نجی کمپنی کے پاس ہے جس کے ملازمین کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ بلوں کی تقسیم نجی کمپنی کرتی ہے تاہم بل وصول نہ ہونے کی صورت میں شہری دفتر میں تحریری طور پر شکایت درج کروائیں جس کے بعد ذمہ داروں کو جرمانے کے ساتھ ساتھ سزا بھی دی جائے گی۔ واضع رہے کہ سوئی گیس کے بلوں پر شکایت کے لیے درج نمبر اکثر مصروف رہتا ہے جبکہ صارفین کی تعداد اور شہر کے مرکز سے فاصلہ زیادہ ہونے کے باعث ہر شہری کے لیے آسانی سے خود شکایت لے کر سوئی گیس دفتر جانا بھی ممکن نہیں۔