سکیورٹی برانچ کے اہلکار جرائم پیشہ عناصر کے سہولت کار
فیصل آباد(عبدالباسط سے )ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی، جوئے ، ڈکیتی، چوری ، بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم میں ملوث عناصر کی نشاندہی کرنے اور جرائم سے متعلق مفصل رپورٹس متعلقہ تھانوں اور اعلٰی حکام کو ارسال کرنے کیلئے۔۔۔
سکیورٹی برانچ کی جانب سے تعینات اہلکار ہی مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرنے لگے ۔ذرائع کے مطابق ضلع فیصل آباد کو پولیس حکام کی جانب سے 5 ڈویژنز، 13 سرکلز اور 44 تھانہ جات میں تقسیم کیا گیا ہے اور ضلع بھر میں ہونے والی منشیات فروشی، جوئے ، ڈکیتی، چوری، راہزنی، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم کی بڑھتی وارداتوں اور ملوث عناصر کی نشاندہی کیلئے سکیورٹی برانچ کی جانب سے تمام تھانہ جات میں سکیورٹی افسران کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرکے وارداتوں کو کنٹرول کیا جا سکے ۔ لیکن مبینہ طور پر سکیورٹی افسران جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کرنے اور ان کی سرگرمیوں سے متعلق رپورٹس حکام اور متعلقہ تھانہ جات میں جمع کروانے کی بجائے مبینہ طور پر ملی بھگت کرتے ہوئے حکام کو سب اچھا کی رپورٹس دے رہے ہیں اور خود ان کی مبینہ سرپرستی بھی کر رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق تھانہ ڈی ٹائپ کالونی، غلام محمد آباد، رضا آباد، بٹالہ کالونی، صدر، مدینہ ٹاؤن، پیپلز کالونی، سمن آباد، منصور آباد، جھمرہ، ساہیانوالہ، ٹھیکریوالا، ڈجکوٹ اور روشن والا سمیت دیگر تھانہ جات کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر بلا خوف و خطر مجرمانہ سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔اہل علاقہ کے مطابق پولیس کے اعلیٰ حکام نے شکایات کے باوجود کوئی اقدامات نہیں اٹھائے ۔ ذرائع کے مطابق جرائم پیشہ عناصر سے وصول نذرانوں اور تحفے تحائف کا اوپر سے نیچے تک تقسیم کا عمل ہوتا رہتا ہے ، جس کے باعث سکیورٹی اہلکار افسروں کی سرزنش اور کارروائیوں سے محفوظ رہتے ہیں ۔ سی پی او فیصل آباد کامران عادل کے مطابق کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پولیس افسر اور ملازمین کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائیاں کی جاتی ہیں۔