خشک و سرد موسم شروع ہوتے ہی شہری موسمی بیماریوں میں مبتلا
کمالیہ (نمائندہ دنیا )خشک و سرد موسم شروع ہوتے ہی بچوں، بوڑھوں ،خواتین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موسمی بیماریوں کا شکار ہونے لگی۔
تفصیلات کے مطابق کمالیہ شہراور گردنواح میں خشک سردی پڑنا شروع ہوگئی جس کی وجہ سے بچوں اور بوڑھوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موسمی بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہے ، علاج معالجہ کے باوجود افاقہ نہ ہونے پر عوام الناس نے باران رحمت کیلئے دعائیں مانگنا بھی شروع کر دیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش نہ ہونے اور خشک سردی کے باعث تمام عمر کے افراد میں گلے کی خرابی ،کھانسی ،نزلہ ،بخار اور وائرل انفیکشن کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے ، سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کا مناسب استعمال اشد ضروری ہے ، موٹر سائیکل سوار اپنے سر اور گردن کو ضرور ڈھانپ کر رکھیں، گلا خراب ہونے کی صورت میں فوری طور پر نیم گرم پانی میں نمک ڈال کر غرارے کرنا مفید ہے ،بخار کی صورت میں فوری قریبی ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے ۔