ٹو بہ:پولیو مہم،رہ جانیوالے بچوں تک پہنچنے کی ہدایت
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹر کٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے تیسرے دن کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔۔۔
جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف محمود کمبوہ اور ڈی ایچ او ڈاکٹر کاشف ندیم نے تفصیلی بریفنگ دی، جس میں مہم کی پیش رفت، فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی اور مقررہ اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے تیسرے دن 1 لاکھ 34 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے ، جبکہ تیسرے دن کے ہدف کا 96 فیصد مکمل کر لیا گیا، مہم کے ابتدائی تین دنوں میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 16 ہزار 191 بچوں کو ویکسین دی گئی ہے ،ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ رہ جانے والے بچوں تک پہنچنے کے لیے کوششوں کو مزید تیز کیا جائے اور مہم کے دوران سامنے آنے والے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے ، انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ پولیو ورکرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ اس موذی مرض کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ممکن ہو سکے ،اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران، ضلعی انتظامیہ کے نمائندے ، اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔