موبائلوں کی خریدوفروخت میں کروڑوں روپے ٹیکس چوری

 موبائلوں کی خریدوفروخت میں کروڑوں روپے ٹیکس چوری

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کچہری بازار میں ریجنل ٹیکس آفس کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے موبائلوں کی خریدوفروخت میں کچی رسیدوں پر ماہانہ کروڑوں روپے ٹیکس چوری کا انکشاف۔۔۔

 ڈیوائس میں خرابی کی صورت میں دکانداروں کا سادہ کاغذ پر بنایا گیا بل گاہکوں کے لیے عدالت میں بطور خریدار ثابت کرنا بھی چیلنج بن گیا۔تفصیلات کے مطابق گھنٹہ گھر کے کچہری بازار میں واقع سینکڑوں موبائل شاپس پر ماہانہ اربوں روپے کا کاروبار کچی رسیدوں پر کیا جا رہا ہے ۔ دکاندار کمپنی سے ہول سیل ریٹ پر مال خریدنے کے بعد اس پر گاہک سے ٹیکس وصول کرتے ہیں جس کے عوض اسے کچی رسید فراہم کی جاتی ہے جس پر اکثردکان کا نام تک درج نہیں ہوتا۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر افسران کی مبینہ ملی بھگت سے دکاندار ہر ماہ کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری کرکے رقم اپنی جیبوں میں ڈال لیتے ہیں جبکہ فائلر ہونے کے باوجود گاہک ادا کیا گیا ٹیکس کسی بھی طرح سے ریٹرن میں شامل کرنے کا اہل نہیں رہتا جبکہ موبائل میں خرابی کی صورت میں دکانداروں کے خلاف کارروائی کے لیے عدالت جانے پر بھی کچی رسید گاہک کے کسی کام نہیں آتی۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک جانب عام افراد پر ٹیکسوں کا بوجھ لادا جا رہا ہے تو دوسری جانب ٹیکسوں چوروں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے ،چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو معاملے کا نوٹس لیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں