ویسٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کو دفاتر سے باہر نکلنے کی ہدایت
لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہریوں کی شکایات کے ازالے کا جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ماریہ طارق اور تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے شکایات پورٹل پر شہریوں کے رابطے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کا مؤثر میکانزم بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے خبردار کیا کہ صفائی کے مقرر کردہ اہداف پر سستی اور غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔ موصولہ شکایات پر فوری ایکشن لے کر تفصیل پورٹل پر اپ لوڈ کی جائیں۔ ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز اپنے دفاتر سے باہر نکلیں۔ خصوصی ٹیمیں اپنے علاقے میں ہاٹ سپاٹس کے باقاعدگی سے دورے کریں۔ کنٹریکٹرز کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جائے ۔ وزیر بلدیات نے یہ ہدایت بھی کی کہ یونین کونسل کی سطح پر کنٹریکٹرز کی مانیٹرنگ کے لئے سپروائزر مقرر کئے جائیں۔ ستھرا پنجاب وزیراعلیٰ کا بہت بڑا عوام دوست منصوبہ ہے۔ مطلوبہ اہداف کے حصول کے لئے مقامی منتخب نمائندوں اور شہری حلقوں کا تعاون لازمی حاصل کیا جائے۔