غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف نتیجہ خیز کریک ڈاؤن کریں :کمشنر

 غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف نتیجہ خیز کریک ڈاؤن کریں :کمشنر

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے ایف ڈی اے افسران کو ہدایت کی ہے کہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف نتیجہ خیز کریک ڈاؤن کریں۔۔

 اس سلسلے میں ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کی طرف سے انہیں تمام تر انتظامی،قانونی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس میں ایف ڈی اے کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر بھی موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ایف ڈی اے کے مالیاتی امور،ریکوری مہم، غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف کارروائیوں، ترقیاتی منصوبوں، شہری ترقی کے نئے اقدامات، مستقبل کے منصوبوں اور بعض مسائل کے بارے میں بریفنگ دی ۔کمشنر نے حکم دیا کہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کی فہرست اور ان کے خلاف آپریشن کیلئے درکار سپورٹ کے بارے میں ایکشن پلان تیار کرکے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو بھجوائیں جو انہیں پولیس،اسسٹنٹ کمشنر اور درکار مشینری سمیت دیگر انتظامی و قانونی معاونت فراہم کرینگے ۔انہوں نے ایف ڈی اے ، پی ایچ اے ، ضلعی انتظامیہ اوردیگر متعلقہ اداروں کی طرف سے مربوط حکمت اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی عملداری یقینی،عوامی حقوق اور ان کے سرمایہ کے تحفظ کیلئے غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کا مسئلہ مکمل طور پر ختم ہونا چاہیے ، اس سلسلے میں کسی قسم کے اثر و رسوخ کوخاطر میں نہ لایا جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کی مجوزہ زمین کے کھیوٹ اور دیگر ریونیو ریکارڈ کو ضلعی محکمہ مال کی طرف سے واضح طور پر بلاک کر دیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں