ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ،قراۃ العین میمن

ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ،قراۃ العین میمن

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ۔

مالی سال 25-24 میں جاری ہونے والے فنڈز کو ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے ۔یہ بات انہوں نے ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام افسر اپنے اپنے ترقیاتی منصوبوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں،کام اور میٹریل کے معیار کو یقینی بنائیں۔میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جس محکمے کے فنڈز مکمل استعمال نہ ہوئے ان کے افسروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ترقیاتی منصوبوں کی جانچ پڑتال کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ہر منصوبے پر کام اور میٹریل کے معیار کی پڑتال کرے گی، کمیٹی میں انتظامی اور ٹیکنیکل افسر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقتاً فوقتاً وہ خود بھی مختلف منصوبوں کا معائنہ کریں گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فناس و ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 24ـ25 کے دوران ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔جس کیلئے 28 ارب 80 کروڑ 32 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔11 ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔191 منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ اب تک 7 ارب 97 کروڑ 30 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔جاری منصوبوں میں ہائی وے ، بلڈنگ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، آبپاشی اور لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کے منصوبے شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فراہم کردہ فنڈز کو جلد سے جلد 100 فیصد ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کر دیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں