مزاحمت جاری رہے گی،شہدائے فلسطین والقدس کانفرنس

مزاحمت جاری رہے گی،شہدائے فلسطین والقدس کانفرنس

کراچی(اسٹاف رپورٹر) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی شہدائے فلسطین والقدس کانفرنس سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی، کانفرنس کا انعقاد کراچی پریس کلب کے بیک یارڈ میں کیا گیا تھا۔

 کانفرنس سے خطاب میں رہنما ایم کیو ایم رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا وجود امریکہ برطانیہ کی سرپرستی پر قائم ہے ۔کشمیر اور فلسطین پر آواز بلند نہ کرنے والے ظالم کے ساتھ ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدایٰ صدیقی کا کہنا تھا کہ طوفان الاقصیٰ کے آپریشن کو 456دن گزر چکے ہیں مگر پھر بھی اسلامی مزاحمت میں کہیں لچک نہیں آئی۔آج دنیا کے چہرہ سے نقاب اتر چکا ہے اور سب کے سامنے واضح ہے کون ظالم کے کیمپ میں ہے اور اور کون مظلومین کے ساتھ ہے ،مزاحمت ہمیشہ جاری رہے گی۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری عثمان کاکہنا تھا کہ پاکستانی مصنوعات کو ترجیح دیں اور امریکی اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ غزہ و کشمیر ظلم و ستم کے نشانہ پر ہے ،مقاومت آج بھی ظلم و ستم کی مقابلے میں ڈٹ کر کھڑی ہے ۔اسرائیل آج مایوسی کا شکار ہے ۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈاکٹر صابر ابو مریم کا کہناتھا کہ فلسطینی مزاحمت کمزور نہیں ہوئی،آج بھی فلسطینی مزاحمت غاصب ریاست سے نبرد آزما ہے ،امت مسلمہ کی وحدت و یکجہتی فلسطین و قبلہ اول کی آزادی کی چابی ہے ،او آئی سی کو متحرک کرنا ہوگا۔جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومتی سطح پر فلسطین کا دن منانا چاہیے ۔کشمیری رہنماء بشیر سدوزئی کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت میں اسرائیلی مظالم کیخلاف ہونے والے مقدمہ نے ثابت کیا آج مسئلہ فلسطین فقط مسلمانوں کا مسئلہ نہیں یہ مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں