پنجاب:12جیلوں کی تزئین وآرائش شروع
ملتان (نعمان خان بابر سے )آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کی بارہ مختلف جیلوں میں اربوں روپے کی لاگت سے تزئین وآرائش شروع کردی گئی۔
، ملتان کی 100سال پرانی سنٹرل جیل میں 7 نئی بیرکس ، بیس کوارٹرز، سیوریج سسٹم اور ریسٹ ہاؤس کیلئے چونتیس کروڑ نوے لاکھ روپے کا فنڈ جاری کردیا گیا ، ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے خواتین کی تین جیلوں سمیت پانچ نئی جیلوں کی تعمیرکا بھی آغازکیا جا رہا ہے ، مختلف جیلوں میں کروڑوں روپے سے چون کمروں پر مشتمل فیملی رومز فعال ، پندرہ جیلوں میں الیکٹریکل وائرنگ ، ٹیلرنگ اور بیوٹیشن کے کورسز سے سینکڑوں اسیران مستفید، جیلوں میں اٹھاسی سا ئیکاٹریسٹ کی تعیناتی اور قیدیوں کی تربیت سے خود کشی کی واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے ، ملازمین کے شہید پیکیج میں اضافے کیلئے بھی حکومت کو درخواست کر دی جبکہ اسیران کو سردی سے محفوظ رکھنے کیلئے 25 ہزار کمبل تقسیم ، پندرہ ہزار کمبلوں کا سٹاک تا حال موجود ہے ، جیلوں میں برتن سازی ، جوتا سازی ، صابن ، سرف اور بلب بنانے کے کارخانے قائم ہیں، آرڈرز ملنے سے جیلوں کے مالی مسائل کافی حدتک کم ہو گئے ہیں، اسیران بھی مناسب اجرت ملنے پر مطمئن ہیں، جیلوں میں اصلاحات ترجیح ہے ، تاہم اربوں کے منصوبوں کو جون دو ہزار پچیس میں مکمل کرکے جیلوں کا ماحول بہتر کرنے میں کافی حدتک مدد ملے گی ان کامزید کہنا تھا کہ قیدیوں کو ہنر سکھانے کیلئے ٹیوٹا کی مدد سے مختلف پروگرام بھی چل رہے ہیں ، جیلوں میں اربوں کے منصوبوں کو آئندہ سال جون میں مکمل کر لیں گے ، بچوں کی جیلوں کو مزید بہتر کرنے کیلئے بھی کاوشیں جاری ہیں،جیلوں میں خواتین قیدیوں کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے ،تعداد 3500سے کم ہوکرصرف ایک ہزار رہ گئی ہے ۔ تمام قیدیوں سے قانون کے مطابق سلوک کیا جاتاہے ، تاہم جیلوں میں سزائے موت کے تین ہزار قیدی ہیں جن کو علیحدہ رکھنا مجبوری ہے ۔