خراب سڑکیں، سیوریج کا پانی اور پتھارا مافیا سے ٹریفک کا نظام درہم برہم، شہری پریشان
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)خراب سڑکوں اور سیوریج کے خراب نظام کے ساتھ پتھارا مافیا نے بھی ٹریفک نظام کو مزید بد تر بنادیا ۔
نمائشی کارروائی کے چند گھنٹوں بعد ہی پتھارے دوبارہ قائم کردیے جاتے ہیں ۔ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں میں سست روی اور خراب سڑکوں کے باعث شہریوں کو ٹریفک جام کا عذاب برداشت کرنا پڑتا ہے ۔ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں متعدد مقامات پر ترقیاتی کاموں کے باعث سڑکوں کی کھدائی ہوئی ہے یا وہاں مرمتی کام کیا جارہا ہے جس کے باعث ٹریفک کا دباؤ زیادہ ہوجاتا ہے اسکے ساتھ ساتھ سیوریج کے پانی سے بھی صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے ۔علاوہ ازیں ایسے مقامات جہاں سے ٹریفک کو نکالا جاسکتا ہے ان پر تجاوزات مافیا نے قبضہ کررکھا ہے ۔ چائے کے ہوٹلوں کی کرسیاں سروس روڈ پر رکھ دی جاتی ہیں اور اسی طرح ریسٹورنٹ کی پارکنگ اور سامان کی وجہ سے روڈ کا بیشتر حصہ بند ہوجاتا ہے جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔ گزشتہ دنوں انتظامیہ کی جانب سے انسداد کیلئے کارروائی کا سلسلہ شروع کیا گیا تاہم عملے کوسخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی مقامات پر انسداد تجاوزات کی کاررروائی کا جیسے ہی آغاز کیا گیا ان پر حملہ کردیا گیا اور پولیس کو طلب کرنا پڑا ، واقعات کے مقدمات بھی درج کیے گئے ۔ شہر یوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے ۔