گھٹن زدہ ماحول میں کھیلوں کی سرگرمیاں خوش آئند،منعم ظفر

گھٹن زدہ ماحول میں کھیلوں کی سرگرمیاں خوش آئند،منعم ظفر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ گھٹن زدہ ماحول میں شہریوں کے لیے کھیلوں کی مثبت سرگرمی کا انعقاد خوش آئند ہے ۔

 کراچی ایسا شہر ہے جس نے کھیلوں میں نمائندگی کی اور پاکستان کا نام روشن کیا۔ ماضی میں پارکوں اور کھیلوں کے میدانوں پر قبضہ کر کے چائنا کٹنگ کی نذر کیا گیا،جماعت اسلامی نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت انوبھائی پارک ناظم آباد میں اسپورٹیفائی اسپورٹس لیگ کی اختتامی تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے امیرجماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجیہ حسن،وائس ٹاؤن چیئرمین ضیاء جامعی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ منعم ظفر خان نے انڈور اور آؤٹ ڈور کرکٹ میں جیتنے والی ٹیموں کو ٹرافی دی۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے میدانوں اور پارکوں کو چائنا کٹنگ کرنے والے کون تھے ؟ ان سے سب واقف ہیں،کراچی کے طالب علم میٹرک اور انٹر میں فرسٹ نمبر پر آئے ہیں مگر ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ میں فیل ہوگئے ہیں۔ جس طرح پارکوں اور کھیلوں کے میدانوں کی چائنا کٹنگ کی گئی اسی طرح تعلیم کی بھی چائنا کٹنگ کی جارہی ہے ۔کھیلوں کا مسئلہ ہو یا تعلیم کا جماعت اسلامی نوجوانوں کا ہاتھ تھام کررکھے گی۔سید وجیہ حسن نے کہاکہ جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے طے کیا ہے کہ قبضہ شدہ پارکوں کو بچوں کے لیے بحال کروائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں