بینظیر نشوونما پروگرام سے 26لاکھ خواتین مستفید ہو رہی ہیں ، روبینہ خالد
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت 26 لاکھ سے زائد حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی مائیں اور ان کے 2 سال سے کم عمر بچوں کی بنیادی صحت اور۔۔۔
غذائی ضروریات کو پورا کیا جارہا ہے ، بلوچستان میں نشوونما پروگرام میں شمولیت کیلئے پی ایم ٹی کی حد کو 32 سے بڑھا کر 60 کردیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاپولیشن کونسل کی صدر ڈاکٹر رانا حاجیہ اور کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر زیبا اے ستار سے بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کے دوران کیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی اور پاپولیشن کونسل کو صحت و غذائیت کے موجودہ اقدامات کو مربوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ماؤں اور بچوں کی صحت پر مثبت اور دیر پا اثرات مرتب ہوں۔ پاپولیشن کونسل کی صدر ڈاکٹر رانا حاجیہ نے کہا کہ مستحق خواتین اور بچوں تک رسائی کیلئے بی آئی ایس پی کاڈیٹا بیس اہم ثابت ہوگا ، ڈاکٹر زیبا اے ستار نے بی آئی ایس پی مستحقین کیلئے صحت اور غذائیت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔