کرہ ارض کی حفاظت کرناہم سب کی ذمہ داری ، رومینہ خورشید
اسلام آباد(نامہ نگار) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی اور رابطہ رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ پاکستان کاربن ٹریڈنگ اور موسمیاتی لچک میں خطے کا رہنما بننے کے لئے پرعزم ہے ۔
وفاقی حکومت، صوبائی اداروں اور قانون ساز اسمبلیوں کے ساتھ مل کر آرٹیکل 6 پر عمل درآمد اور مقامی شراکت داری کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے ۔ موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کیلئے مزید وسائل درکار ہیں ۔کرہ ارض کی حفاظت کرناہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ وہ یہاں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی اور ڈنمارک کے سفارت خانے کے اشتراک سے پیرس معاہدے کے آرٹیکل 6 کی آپریشنلائزیشن کے موضوع پر ایک پالیسی مکالمے سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے آذربائیجان میں منعقدہ سی او پی 29 کے دوران پاکستانی وفد کی کوششوں کو سراہا ۔ ڈنمارک کے سفیر جیکب لنلف نے ایس ڈی پی آئی اور ڈنمارک کے تعاون کو سرا ہا ۔ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے کاربن مارکیٹوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور د یا اور کہا فوسل فیول سبسڈی کے خاتمے ، قابل تجدید توانائی کے فروغ اور صاف توانائی کے حل کو اپنانے سے کاربن کریڈٹ کو ترقیاتی منصوبوں کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے ذوالفقار یونس نے کہا کہ پاکستان فروری تک اپنی مرضی کے مطابق کاربن رجسٹری کا آغاز کرے گا جس سے شفاف تجارت کو فروغ ملے گا۔