کراچی میراتھن ریس،غیر ملکیوں سمیت 4 ہزار سے زائد افراد شریک
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں منعقد ہونے والی دوسری کراچی میراتھن ریس ضلع کرک کے اسرار خٹک اور ویمن ایونٹ انب خان نے جیت لی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نشان پاکستان سی ویو سے شروع ہونے والی میراتھن میں مردو خواتین پروفیشنل اور انٹرنیشنل ایتھلیٹس اور غیرملکیوں سمیت4 ہزار سے زائد افرد شریک ہوئے ، شرکا کی حوصلہ افزائی کے لیے اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی سمیت سیاسی، سماجی، شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔اتوار کی صبح نشان پاکستان، سی ویو سے شروع ہونے والی 42 کلو میٹر کی میراتھن میں خیبر پختون خوا کے ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے اسرار خٹک نے مقررہ فاصلہ 2 گھنٹے 30 منٹ 13سیکنڈز میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔بہاولپور کے محمد ریاض 2 گھنٹے 32 منٹ 13 سیکنڈز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے اور ڈھائی لاکھ روپے کام انعام جیتا۔خواتین کی میراتھن انب خان نے 3 گھنٹے 47 منٹ 49 کے وقت کے ساتھ جیت لی اور 5 لاکھ روپے کا انعام حاصل کیا،اسی ایونٹ میں زیبا شاہ عباسی دوئم رہیں اور ڈھائی لاکھ روپے انعام وصول کیا،ان کا وقت 4 گھنٹے 01 منٹ 13 سینڈز رہا،ہاف میراتھون ساہیوال کے محمد اختر کے نام رہی انہوں نے 21 کلومیٹر کا فاصلہ ایک گھنٹہ 12 منٹ8سیکنڈ میں طے کیا۔سیالکوٹ کے محمد قاسم بوجوہ ایک گھنٹہ 12 منٹ 53 سیکنڈز کے ساتھ دوسری پوزیشن پانے میں کامیاب رہے ،دونوں کو بالترتیب 50 ہزار اور 40 ہزار روپے انعام ملا، اٹک کے محمد عثمان نے تیسری پوزیشن پائی،خواتین کی ہاف میراتھون گلگت سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ ممتاز نعمت نے جیتی،ممتاز نعمت نے 21 کلومیٹر کا فاصلہ ایک گھنٹہ 43 منٹ26سیکنڈز میں طے کیا۔ دعا نزاکت ایک گھنٹہ 51 منٹ 45سیکنڈز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں،ممتاز نے 50 ہزار اور دعا نے 40 ہزار روپے انعام پایا،میراتھن ساحل پر ڈی ایچ اے فیز 6، فیز 8، دودریا،اے کے خان پارک سے گزر کر اختتامی لائن پر ختم ہوئی،میراتھن میں فل میراتھن، ہاف میراتھن ،ریلے میراتھن اور 10 کلومیٹر کی فن ریس شامل تھی۔فل میراتھن میں 230 ایتھلیٹس نے شرکت کی جبکہ ہاف میراتھن میں 600 سے زائد رنرز شریک ہوئے ،ان میں کراچی میں مقیم غیرملکی شہری بھی شامل تھے ، اس موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ۔