ڈپٹی کمشنر ٹوبہ کی زیر صدارت پولیو اریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس
ٹوبہ ٹیک سنگھ(نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیو اریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح، ایم ایس اور ڈی ایچ او سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی،اجلاس میں مائیکرو پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مہم کے دوران 1916 موبائل، 106 فکسڈ اور 49 ٹرانزٹ ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی،مہم کا ہدف 4 لاکھ 33 ہزار 838 بچوں کو قطرے پلانا ہے ۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وطن عزیز کو پولیو فری بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور بار بار مہم کو دہرانے کا مقصد پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ ہے ۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچا ؤ کے قطرے پلوانے میں تعاون کریں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مائیکرو پلان پر ذمہ داری سے عمل کیا جائے اور سابقہ تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے مہم کو کامیاب بنایا جائے ۔