افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے تاجروں کی ریلی

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)انجمن تاجران سٹی اور ینگ ٹریڈرز فیصل آباد کے زیر اہتمام افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سرپرست اعلی وصدر انجمن تاجران سٹی فیصل آباد خواجہ شاہد رزاق سکا کی قیادت میں چوک ضلع کونسل سے بہت بڑی ریلی نکالی گئی۔
ریلی کے شرکاء مختلف عبارات کے بینرز لئے پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد، جنرل عاصم منیر زندہ باد کے نعرے لگاتے کچہری بازار سے ہوتے ہوئے چوک گھنٹہ گھر پہنچے ، افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی میں تاجروں کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے لوگ کثیر تعداد میں موجود تھے ۔ اس موقع پر خواجہ شاہد رزاق سکا ،شیخ سعید احمد، میاں ریاض شاہد، ملک سہیل نیاز طور،ملک عباس اشرف نے خطاب کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی تاجر برادری کو اپنی مسلح افواج کی جرات و عظمت پر فخر ہے قوم کو یقین ہے فوج پاک وطن کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی،افواج پاکستان نے ملک کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے جس جرات کا مظاہرہ کیا اس پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے قوم کی طرح ملک کی پوری تاجر برادری افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انجمن تاجران سٹی کے جنرل سیکرٹری شیخ سعیداحمد، ڈپٹی سیکرٹری وصدر منٹگمری بازار میاں ریاض شاہداور صدر ینگ ٹریڈرز ملک سہیل نیاز طور، جنرل سیکرٹری ملک عباس اشرف،ملک عاصم صفدر، ایس ایم ایوب، خان عمران ، شیخ ارسلان اسلم اچھی، میاں بلا ل احمد،ملک ذوالفقار، شاہدندیم، لطیف سیال، شیخ فرحان ،فرحت علی رانا،رائے ناصر نقشبندی، ذیشان ککے زئی، ملک وہاب،یو نس جمال،ملک شاہد مجید، ملک زاہد مجید،ملک عمران مجید سمیت دیگرتاجر رہنما ؤں اور طلباء بچوں نے خصوصی شرکت کی۔