مہنگی اشیا بیچنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرانے کا حکم

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی ہدایت پر ضلع فیصل آباد میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن اور عوام کو ریلیف کے لئے سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر کارروائی میں مصروف ہیں۔
اس سلسلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد عثمان کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کی سرگرمیوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہواجس میں انہوں نے ہدایت کی کہ زائد نرخ پر اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والوں پر مقدمات کے اندراج کے ساتھ دکان کوبھی سربمہر کیا جائے ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو بتایا گیا کہ ضلع میں یکم رمضان سے اب تک 995 گرفتار کرکے 1071 دکانیں سربمہر کی گئیں۔32 کے خلاف مقدمات کا اندرارج کرانے کیساتھ گرانفروشوں کو25 لاکھ 94 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔اے ڈی سی آر نے کہا کہ فیلڈ میں نہ نکلنے والے افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، مجسٹریٹس کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جارہا ہے۔