ٹھیکریوالا :ہسپتالوں کی ممکنہ نجکاری کیخلاف ملازمین کا احتجاج

ٹھیکریوالا(نمائندہ دنیا )رورل ہیلتھ سنٹر اور طبی مراکز صحت کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ملازمین سراپا احتجاج،او پی ڈییز بند،مریض رل گئے۔۔۔
مظاہرین نے علامتی جنازہ نکالا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت حکومت پنجاب اور پنجاب ہیلتھ فیسلیٹی منیجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام چلنے والے رورل ہیلتھ سنٹر اور طبی مراکز صحت کی ممکنہ نجکاری کے خلاف دھاندرہ،سدھار،ٹھیکریوالا،چک 64 ج۔ب، 38 ج۔ ب ڈگورا،78ج۔ب جودی،82 ج۔ ب جگت پور،71 ج۔ب سرلی،40 ج۔ب ہلواڑہ،273 ج۔ب مالاں رورل ہیلتھ سنٹر چک 30 ج۔ب اور دیگر علاقوں کے مراکزکے عملہ نے گزشتہ روز عوام کو فراہم کردہ صحت سہولیات کی فراہمی مکمل طور پر بند کر کے نجکاری کے خلاف احتجاج کیا جس کے باعث دوردراز علاقوں سے مفت ادویات اور علاج معالجہ کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں اور لواحقین کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا، مریضوں کو طبی سہولیات کی عدم دستیابی پر خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔ رورل ہیلتھ سنٹرز اور مراکز صحت کی ممکنہ نجکاری کے باعث لاکھوں ملازمین کی نوکریاں داؤ پر لگ گئیں ۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومت نے سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔