ٹھیکریوالا :کارخانوں کی وجہ سے فضائی آلودگی بڑھ گئی، شہری بیمار

ٹھیکریوالا(نمائندہ دنیا )کارخانوں میں ماحول دشمن ایندھن کے استعمال سے فضائی آلودگی کی ابتر صورتحال،شہریوں کاسانس لینا محال ، متعلقہ محکموں نے چپ سادھ لی ۔
تفصیلات کیمطابق تحصیل صدر کے علاقہ جھنگ روڈ،دھاندرہ،سدھار اور اطراف میں قائم کارخانوں میں لنڈا،پیمپر،پلاسٹک،و دیگر ماحول دشمن ایندھن کا بے دریغ استعمال جاری جس کے نتیجہ میں کارخانوں کی چمنیوں سے خارج ہونے والا زہریلا دھواں وبال جان بن گیا، شام کے اوقات میں مذکورہ کارخانوں سے خارج ہونے والا دھواں پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے ۔ ایندھن کی باقیات علاقہ مکینوں کے گھروں چھتوں پر گرنے کے ساتھ ساتھ منہ، ناک اور آنکھوں کے ذریعے جسم میں داخل ہو کر آنکھوں،ناک،گلے ،پھیپھڑوں سمیت مختلف قسم کی جان لیوا بیماریوں کا سبب بن رہی ہیں ۔ بچے ،بوڑھے ،خواتین اورنوجوان بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں ۔دوسری طرف ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات مذکورہ کارخانوں کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنے سے گریزاں ہیں۔ شہریوں رانا توصیف،شیخ خالد، ظہیر اقبال،عثمان علی،ریحان اور دیگر نے وزیر اعلی پنجاب اور ڈی جی پنجاب ماحولیات سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔