لالیاں :چک بہادر میں80ایکٹر پرجنگل لگانے کا کام شروع

لالیاں(نمائندہ دنیا )جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر\"پودا لگائیں پاکستان کیلئے \"کے حکومتی نعرے کے تحت ضلع چنیوٹ کے چک بہادر لالیاں میں 80 ایکٹر رقبہ پر جنگل لگانے کا کام شروع ہوگیا۔
اس ضمن میں تقریبا 8 ہزار پودے لگائے گئے ۔کمشنر فیصل آباد مریم خان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ڈپٹی کمشنرچنیوٹ صفی اللہ گوندل،ایم پی اے تیمورامجد لالی، طلبہ اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی اور وسیع رقبہ پر سب نے مل کراپنے اپنے حصے کا پودا لگایا۔کمشنر نے کہا کہ جنگلات کے عالمی دن کو منانے کا مقصد کرہ ارض کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنا ہے اور آج ایک یوم میں فیصل آباد ڈویژن میں وسیع پیمانے پر شجرکاری کی گئی ہے ،طالب علم \"درخت لگائیں پاکستان کیلئے \"کے نعرے کو کامیاب کریں۔ انہوں نے چنیوٹ کے 80 سکولوں میں ہارٹیکلچر کے لئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات ڈویژن بھر میں لاگو ہونے چاہیں۔ڈپٹی کمشنر نے شجرکاری مہم کے اہداف سے آگاہ کیااور بتایا کہ اگلے مرحلہ میں فاریسٹ کی مزید 300 ایکڑ اراضی پر پودے لگائے جائیں گے ۔