جنگلات انسانی زندگی کی بقا کے لئے انتہائی اہم:عامر عزیز

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے کہا ہے کہ جنگلات انسانی زندگی کی بقا کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں لہذا ہم سب کو نئے پودے لگانے اور ان کی پرورش اور حفاظت کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
جنگلات کے عالمی دن کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ واسا فیصل آباد کی تمام پانی کی ٹینکیوں، ڈسپوزل اسٹیشن،دفاتر اور دیگر عمارات میں پودے لگانے کی ہدایت کی گئی ہے اور تمام دستیاب جگہوں پر شجر کاری کی جائے گی۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق پلانٹیشن فار پاکستان مہم پر مکمل عمل درآمد کیا جارہا ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ پودوں کی شجر کاری سے ایک طرف ماحول صاف ستھرا اور خوشگوار رہتا ہے جبکہ دوسری طرف پودے آکسیجن پیدا کر کے انسانوں کو سانس لینے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ جنگلات کی جتنی آج ضرورت ہے ماضی میں کبھی اتنی ضرورت نہیں رہی اس لئے ہم سب کو زیادہ سے زیادہ پودے لگانے چا ہئیں تاکہ انسانی بقا کا یہ سلسلہ جاری وساری رہے ۔