وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ کا دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول و کموڈیٹیز مینجمنٹ سلمٰی بٹ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے رمضان سہولت بازار اور مختلف بازاروں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے معاون خصوصی کو رمضان سہولت بازار میں کئے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی،معاون خصوصی نے رمضان سہولت بازار میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں اور معیار کا جائزہ لیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ سلمٰی بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیح کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں،پنجاب بھر میں 80 سے زائد رمضان سہولت بازار قائم کئے گئے ہیں، جہاں روزانہ 3 سے 4 لاکھ افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے 30 ارب روپے کا رمضان نگہبان پیکیج دیا ہے جس کے تحت 10 ہزار روپے کے پے آرڈرز گھروں تک پہنچائے جا رہے ہیں اور اس سے 30 لاکھ گھرانے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس بار رمضان سہولت بازار بغیر کسی حکومتی سبسڈی کے لگائے گئے ہیں اور آڑھتیوں و ہول سیل ڈیلروں نے اپنے سٹال خود قائم کئے ہیں، جس سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ۔بعد ازاں معاون خصوصی نے رمضان نگہبان پیکج کی رقوم کے حصول کا جائزہ لینے کے لیے مختلف ریٹیلرز کی دکانوں کا دورہ کیا اور پے آرڈر سے رقم وصول کرنے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 18 ہزار برانچز کے ذریعے رمضان پیکج کی رقوم کی تقسیم جاری ہے ۔