کمالیہ میں جنگلات کے عالمی دن پر شجرکاری مہم کا افتتاح
پیرمحل،کمالیہ (نمائندگان دنیا )وزیر ہاؤ سنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ہاؤ سنگ پنجاب بلال یاسین نے گزشتہ روز جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر کمالیہ کے چک نمبر 728 گ ب بھسسی روڈ پر پودا لگا کر شجر کاری مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا، اس موقع پر سابق ایم این اے چودھری اسد الرحمن، مسلم لیگ (ن)کے رہنما سردار راحیل انور گجر، اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقراء ناصر ، رانا محمد شفیق ، میاں اسد حفیظ ، ایس ڈی او اشفاق اور محکمہ جنگلات کے افسران بھی موجود تھے ۔ وزیر ہاؤ سنگ نے کہا کہ کمالیہ کے جنگل میں 18 ایکڑ رقبے پر 13،000 پودے لگائے جا رہے ہیں اور پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت صوبے بھر میں ڈیڑھ کروڑ پودوں کی جیو ٹیگنگ کی جا رہی ہے تاکہ ہر درخت کا مکمل ریکارڈ محفوظ رہے ۔ انہوں نے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کیلئے شجرکاری ناگزیر ہے ۔بعد ازاں وزیر ہاؤسنگ پنجاب وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو کے ہمراہ رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا اوررمضان سہولت بازار میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا رمضان سہولت بازاروں میں عوام کا رش منصوبے کی کامیابی کا ثبوت ہے ۔