چناب نگر:عید کی آمد،بیف،مٹن کی منہ مانگی قیمتیں مقرر

چناب نگر(نامہ نگار )عید الفطر کی آمد سے قبل ہی شہر بھر کے قصابوں نے بیف اور مٹن کی منہ مانگی قیمتیں مقرر کر دیں۔۔
، سرکاری نرخنامے نظر انداز۔ تفصیلات کے مطابق متعلقہ حکام کی مبینہ ملی بھگت سے چناب نگر اور گردو نواح میں بیشتر قصابوں نے بکرے (مٹن) اور گائے (بیف) کا گو شت منہ مانگی قیمتوں پر فروخت کرنا شروع کر دیا، بکرے کا گوشت مقررہ سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو کی بجائے 2300 روپے جبکہ گائے کا گوشت 800 روپے کی بجائے 1300 روپے فی کلو تک میں فروخت کیا جا رہا ہے ، اس سلسلہ میں بحث کی صورت میں قصابوں کی طرف سے گاہکوں کے ساتھ نامناسب سلوک کیا جانے لگا۔ انتظامیہ کی طرف سے چیک اینڈ بیلنس کا نظام نہ ہو نے کے باعث قصاب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ بیمار اور لاغر جانوروں کے پانی ملے ناقص اور مضر صحت گوشت کی سر عام فروخت بھی عروج پر پہنچ چکی ہے ۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری مقررہ ریٹس پر گوشت کی فروخت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور زبردستی عیدی وصولی مہم بند کروائی جائے ۔