پاکستان سنی تحریک کے تحت جشن نزول قرآن سیمینار

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)قرآن کریم پوری انسانیت کے لیے ہدایت کا عظیم سرچشمہ ہے ۔قرآنی تعلیمات کو سمجھنے کیلئے صاحب قرآن ؐ کی محبت سینے میں موجزن ہونا ضروری ہے ۔۔۔
پاکستان سنی تحریک ملک بھر میں قرآن کریم کی تعلیمات کے فروغ واشاعت کے لیے کوشاں ہے ۔ نسل نو کو قرآن مجیدکی حقیقی تعلیمات سے روشناس کروانا اشد ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر محمد آصف رضاقادری نے الہٰی آباد میں منعقدہجشن نزول قرآن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شب قدر میں قرآن مجید کا نزول اور پاکستان کا قیام مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کے عظیم تحفے ہیں۔ قلبی و روحانی سکون کے لیے قرآن کریم کے آفاقی پیغام پر عمل کرنا ہو گا۔ قرآن مجید کے احکام اوربرکات سے فیض یاب ہوکر تمام دنیاوی و اخروی مسائل کا خاتمہ ممکن ہے ۔قرآنی تعلیمات کے نور سے منور ہو کر پاکستان کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے ۔ مسلمانوں کے زوال کی وجہ قرآن کریم کی تعلیمات سے دوری ہے ۔پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے نئی نسل کی تربیت قرآن مجیدکی تعلیمات کی روشنی میں کی جائے ۔