ژنگ جیانگ اور زرعی یونیورسٹی کا باہمی تعاون پر اتفاق

ژنگ جیانگ اور زرعی یونیورسٹی کا باہمی تعاون پر اتفاق

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ژنگ جیانگ زرعی یونیورسٹی چین اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد تعلیمی اور تحقیقی تعلقات کو مزید بلندیوں سے ہمکنار کریں گی۔۔

 تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوتے ہوئے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں مدد مل سکے ۔ اس امر پر اتفاق یونیورسٹی میں قائم چائینز کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے 11ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ ژنگ جیانگ زرعی یونیورسٹی چین کے صدر پروفیسر ڈاکٹر جیانگ پنگان (آن لائن) نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔پروفیسر ڈاکٹر جیان پنگان نے زرعی یونیورسٹی کے ماہرین کی ٹیم کو ژنگ جیانگ زرعی یونیورسٹی چین کا دورہ کرنے کی دعوت دی جس سے تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ گیارہ سال پہلے ہم نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کو قائم کرنے کے لئے معاہدہ طے پایا تھا اور گزشتہ گیارہ سالوں میں انسٹی ٹیوٹ نے چینی ثقافت کے فروغ، زبان کی تعلیم، علمی تعاون اور اساتذہ اور طلباء کے تبادلے میں نتیجہ خیز کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر ذوالفقار علی کو وائس چانسلر کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے چینی زبان، ثقافت کے فروغ کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم اور احترام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں