بیشتر فارمیسیز بغیر فارماسسٹ کے چلائی جانے لگیں

فیصل آباد(بلال احمد سے )شہر کی بیشتر فارمیسیز بغیر فارماسسٹ کے محض ان کے سرٹیفکیٹس پر چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔۔۔
فیصل آباد میں فارمیسی مالکان نے فارماسسٹ کی کمی پوری کرنے کا انوکھا چور راستہ نکال رکھا ہے ۔ ڈرگ انسپکٹرز کی مبینہ ملی بھگت سے شہر بھر کی متعدد فارمیسیوں پر فارماسسٹ کی عدم موجودگی میں ہی کام چلایا جا رہا ہے ۔ مالکان کی جانب سے اے فارمیسی کرنے والے ڈپلومہ ہولڈرز سے 15 سے 25 ہزار ماہانہ کے حساب سے ان کی ڈگری گروی رکھوا لی جاتی ہے ۔ اور بعد ازاں انہیں اپنا ملازم ظاہر کرکے محکمہ صحت کو ایس او پیز مکمل ہونے کا جھانسہ دیا جاتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ ٹاؤنز کے ڈرگ انسپکٹرز بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہیں جو صورتحال علم میں ہونے کے باوجود فارمیسی مالکان سے مبینہ طور پر منتھلیاں وصول کرتے ہیں،اندازے کے مطابق فیصل آباد شہر میں 2500 سے زائد میڈیکل سٹور اور فارمیسیاں رجسٹرڈ ہیں جن میں سے تقریبا نوے فیصد پر مذکورہ انداز میں کام چلایا جا رہا ہے ۔ شہریوں نے نے چیف ڈرگ کنٹرولر سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔