جنرل ہسپتال نصرت فتح علی میں 8 ماہ سے الٹراساؤنڈ مشین خراب
فیصل آباد(بلال احمد سے)جنرل ہسپتال نصرت فتح علی خان میں 8 ماہ سے الٹراساؤنڈ مشین کی خرابی مریضوں کیلئے وبال جان بن گئی۔ نئے ایم ایس نے بھی مسئلہ حل کرنے کے بجائے آنکھیں بند کرلیں۔
ذرائع کے مطابق ہسپتال میں موجود الٹراساؤنڈ کی دو میں سے ایک مشین گزشتہ تقریبا آٹھ ماہ سے خراب ہے جس کے باعث صرف گائنی کے چند ایک الٹراساؤنڈ کرکے دیگر مریضوں کو باہر کی راہ دکھا دی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ مریضوں کیلئے مہنگے کلر ڈوپلر الٹراساؤنڈ کے دروازے بھی بند ہیں۔ 250 بیڈز پر مشتمل سی کیٹیگری میں شامل ڈی ایچ کیو لیول کے ہسپتال کی صورتحال پر شہری سراپا احتجاج ہیں جن کا کہنا ہے الٹراساؤنڈ کی سہولت کی عدم دستیابی انتظامی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، وزیر صحت معاملے کا نوٹس لیں۔دوسری طرف ایم ایس ڈاکٹر مسعود ورک سے متعدد بار رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے کوئی مؤقف نہیں دیا۔