برائلر مرغی کی قیمت کم نہ ہو سکی،تول بھی پورا نہیں

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )رمضان گزر گیا عید گزر گئی لیکن نہ تو برائلر مرغی کی قیمت کم نہ ہوسکی اور نہ ہی وزن پورا ہوسکا۔۔
نئے حکمنامے کے مطابق گوشت کی قیمت کی بجائے زندہ مرغی کی قیمت پر فروخت بھی ممکن نہ ہوسکی کبھی سستا سمجھا جانے والا پروٹین انوکھی حکمت عملی کے باعث شہریوں کی پہنچ سے باہر ہوچکا ہے ۔ برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت اور وزن سمیت زندہ کی فروخت والے حکم پر بھی عملدرآمد نہ ہوسکا سب سے پہلے ڈی جی انڈسٹریز پنجاب کی جانب سے 29 مئی 2023 کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا تھا جس میں یہ کہا گیا تھا کہ دیکھنے میں آیا ہے کہ بیشتر دکانوں پر قصابوں کی جانب سے برائلر مرغی کے گوشت میں کمی کی جاتی ہے برائلر مرغی کے فی کلو گرام گوشت کو 1000 گرام ہی تصور کیا جائے اور ایک کلو کے پیسوں میں 1000 گرام گوشت ہی دیا جائے لیکن ڈی جی انڈسٹریز کے احکامات پر عملدرآمد نہیں ہو سکا شہر اور گردو نواح میں ایک کلو گوشت کے نام پر 900 گرام گوشت ہی فروخت ہو رہا ہے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک کی جانب سے ضلع بھر کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کوڈی جی انڈسٹریز کے مراسلے کا حوالہ دیتے ہوئے جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ 1000 گرام سے کم گوشت فروخت کرنے والے قصاب گرانفروشوں کے زمرے میں آتے ہیں ان کیخلاف پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت کارروائیاں کی جائیں اس کے باوجود بھی کہیں پر عملدرآمد نہیں ہوسکا اس کے بعد برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت ہی ریٹ لسٹ سے ختم کردی گئی اس کی بجائے زندہ برائلر کی فی کلو قیمت آنے لگی لیکن دکاندار گاہک کو زندہ برائلر تول کر دینے پر بھی آمادہ نہیں ہیں شہری کہتے ہیں کہ گوشت کی قیمت ریٹ لسٹ سے ختم ہوچکی ہے زندہ مر غی دکاندار تولنے پر تیار نہیں ہے ایک کلو میں 900 گرام مل رہا ہے اور وہ بھی منہ مانگی قیمت پر حکومت اور انتظامیہ اس معاملے میں بے بس ہوچکی ہے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔