آر پی او فیصل آباد کا دورہ کمالیہ ، کھلی کچہری کا انعقاد

 آر پی او فیصل آباد کا دورہ کمالیہ ، کھلی کچہری کا انعقاد

کمالیہ،جکھڑ (نمائندہ خصوصی ،نمائندہ دنیا،سٹی رپورٹر )آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر کا کمالیہ کا دورہ ،تھانہ سٹی کمالیہ میں کھلی کچہری لگائی ، شہریوں نے پولیس کے خلاف شکایتوں کے انبار لگا دیئے۔۔۔

 ریجنل پولیس سربراہ نے عوامی مسائل کے فوری اور موثر حل کیلئے پولیس افسر وں کو موقع پرہی احکامات جاری کر دئیے ، اس موقع پر ڈی پی او ٹوبہ عبادت نثار و دیگر پولیس افسر بھی موجود تھے ۔تفصیلات کے مطابق آر پی او فیصل آباد ذیشان اصغر گزشتہ روز دورہ پر کمالیہ پہنچ گئے اور انہوں نے تھانہ سٹی کمالیہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔کھلی کچہری میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افسران کو عورتوں اور بچوں کے خلاف جرائم کے تدارک کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔بعد ازاں آرپی او نے سپیشل انیشیٹو پولیس سٹیشن تھانہ سٹی کمالیہ کی فارمل انسپکشن کی اور اس دوران تھانہ کی صفائی ستھرائی،عمارت،فر نٹ ڈیسک مال خانہ، تھانہ کی حوالات اور بند ملزمان کی تفصیل کو چیک کیا، رجسٹر ہائے تھانہ جات کی جانچ پڑتال کی ۔اس موقع پر ایس پی، ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور دیگر افسران بھی موجود تھے جنہوں نے آر پی او کو کمالیہ میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جبکہ ذیشان اصغر نے گفتگو میں کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری میں مزید بہتری کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے ،پولیس و عوام کے درمیان تعاون کے بغیر جرائم پر قابو پانا ممکن نہیں، عوام کے اعتماد کی بحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے ۔ذیشان اصغر نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہر سے جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں