جرائم کی روک تھام: پولیس کی نئی حکمت عملی تیار
فیصل آباد( عبدالباسط سے )بڑھتی ہوئی ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، تاوان، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں کی روک تھام اور شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کیلئے فیصل آباد پولیس کی جانب سے نئی حکمت عملی تیار کرلی گئی۔
ضلع بھر میں ایلیٹ فورس، ڈولفن، ایگل اور پینتھرز سکواڈ سمیت پولیس کے دیگر خصوصی ٹیموں کی جانب سے ناکہ بندی، پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ اور دیگر خفیہ کارروائیوں کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی مکمل کرلی گئی ہے ۔ مختلف نوعیت کے جرائم کی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور ان کے خلاف سخت قانونی کارر وائیاں عمل میں لانے کے حوالے سے ان کی خفیہ فہرستیں بھی تیار کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں جرائم کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے فیصل آباد پولیس کی جانب سے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر اور ایس ایس پی آپریشنز عمارہ شیرازی کی سربراہی میں ڈولفن، ایلیٹ فورس، ایگل اور پینتھرز سکواڈ سمیت پولیس کی دیگر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے بنائے گئے پلان کے مطابق ضلع بھر کے تھانوں کے علاقوں میں پولیس کی مختلف ٹیموں کی جانب سے ناکہ بندی کرنے کے ساتھ مین شاہراہوں، گلیوں، محلوں اور دیگر اہم مقامات پر ہمہ وقت پیٹرولنگ اور سنیپ چیکنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جرائم کی شرح میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے شہریوں کا گھروں سے باہر نکلنا محال ہو کر رہ گیا تھا، جس کے پیش نظر پولیس حکام کی جانب سے ماتحت افسروں کی کارکردگی میں بہتری لاتے ہوئے پولیس فورس کو ایکٹو کیا گیا پولیس حکام کے مطابق ضلع کے مختلف مقامات پر پینتھرز سکواڈ کی جانب سے قیدی وین کھڑی کرکے ناکہ بندی کرتے ہوئے شو آف فورس کی جا رہی ہے ، ناکہ بندی پوائنٹس پر مشکوک افراد کو روک کر ان کی تلاشی لینے کے ساتھ ان کا ڈیٹا اور شناختی کارڈ کا ریکارڈ ای پولیس ایپ کے ذریعے بھی چیک کیا جاتا ہے اور دوران چیکنگ کسی بھی جرم میں ملوث پائے جانے والے شہری کو موقع پر ہی گرفتار کرکے حوالات پہنچا دیا جاتا ہے ۔ اس حوالے سے سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر اور ایس ایس پی آپریشنز عمارہ شیرازی کا کہنا ہے کہ فیصل آباد پولیس جرائم کی وارداتوں کی روک تھام اور شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔