جڑانوالہ چک نمبر 125 گ ب میں گندم کٹائی کی تقریب
فیصل آباد، جڑانوالہ(سٹاف رپورٹر، نمائندہ دنیا)محکمہ زراعت (توسیع) فیصل آباد کے زیر اہتمام تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آباد کے چک نمبر 125 گ ب میں گندم کٹائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
کمشنر فیصل آباد مریم خان نے اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ، انہوں نے گندم کی فصل کی کٹائی کرکے کاشتکاروں کا حوصلہ بڑھایا ۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے علاوہ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) فیصل آباد چودھری خالد محمود ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حافظ عدیل احمد ، محکمہ زراعت توسیع کے افسروں ، کاشتکاروں اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد مریم خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں محکمہ زراعت کے تمام شعبے کاشتکاروں کی بھرپور رہنمائی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر زراعت و لائیوسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کی ہدایات پر کاشتکاروں کو ان کی دہلیز پر تمام مالی مراعات و دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔