ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال ، انتظامیہ نے سرکاری ہسپتالوں میں سینئرز کی ڈیوٹیاں لگا دیں

فیصل آباد(بلال احمد سے )سرکاری ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال پر انتظامیہ حرکت میں آگئی، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی نے اے ایم ایس سمیت سینئر ڈاکٹرز کو او پی ڈی میں مریضوں کے چیک اپ کیلئے بٹھا دیا، پرچی سسٹم بھی فعال کروا یا ۔
تفصیلات کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس کی کال پر ہسپتالوں کی مجورہ نجکاری اور لاہور میں مظاہرین پرہونیوالے پولیس تشدد کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی فیصل آباد کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رہی ، ینگ ڈاکٹرز نے او پی ڈیز کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے مریضوں کے چیک اپ سے انکار کردیا جس کے بعد انتظامیہ نے تمام تر سینئر ڈاکٹرز کی او پی ڈیز میں ڈیوٹیاں لگا دیں، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر چودھری نے الائیڈ ہسپتال ون میں اے ایم ایس، ڈی ایم ایس سمیت دیگر سینئر ڈاکٹرز کو او پی ڈی کے کمروں میں بٹھا کر پرچی سسٹم فعال کروا دیا تاہم الائیڈ ہسپتال ٹو میں یہ سلسلہ جزوی طور پر ہی چل سکا ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے نہ صرف پرچی کاؤنٹر بند کروا دیا بلکہ ڈاکٹرز کو بھی مریضوں کے علاج سے روک دیا ۔دوسری طرف فیصل آباد ٹیچنگ ہسپتال میں صورتحال یکسر مختلف نظر آئی جہاں ایم ایس ڈاکٹر آصف شہزاد نے 2500 سے زائد مریضوں کا چیک اپ اور ادویات کی فراہمی یقینی بنوائی ۔ الائیڈ ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر محمد فہیم یوسف کا کہنا تھا کہ ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باوجود او پی ڈی کا نظام چلانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں ۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ وہ اپنے جائز مطالبات کے لیے ہڑتال پر ہیں ،ہمارا مقصد مریضوں کیلئے مشکلات پیدا کرنا نہیں ،مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ یاد رہے ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کے آؤٹ سورسنگ کے خلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سمیت ڈاکٹرز کی دیگر تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں۔