ملیریا کا عالمی دن :میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی واک کا انعقاد

 ملیریا کا عالمی دن :میڈیکل یونیورسٹی میں آگاہی واک کا انعقاد

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)میڈیسن ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کے زیر اہتمام ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔

جس کی قیادت پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن فیصل آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عامر شوکت اور سیکرٹری ڈاکٹر محمد عرفان نے کی۔ واک میں بیسیوں کی تعداد میں ڈاکٹرز نے شرکت کی جس کا مقصد لوگوں میں ملیریا کے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔ وا ک کے اختتام پر ڈاکٹر محمد عرفان نے کہا کہ ملیریا ایک خاص قسم کے پیراسائٹ جس کو پلازموڈیم کہتے ہیں کی وجہ سے ہوتا ہے ، یہ پلاز موڈیم صرف مچھر کے ذریعے انسان میں منتقل ہو سکتا ہے ، ملیریا ایک انسان سے دوسرے انسان میں براہ راست منتقل نہیں ہو سکتا، اس لیے ملیریا سے متاثرہ شخص کے پاس بیٹھنے سے ملیریا میں مبتلا ہونے کا کوئی امکان نہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت دنیا میں تقریبا 243 ملین افراد ہر سال ملیریا کا شکار ہوتے ہیں ان میں سے تقریبا چھ لاکھ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، اموات کی شرح زیادہ تر پانچ سال سے چھوٹے بچوں، حاملہ خواتین اور ایڈز کے مریضوں میں ہوتی ہے ۔ ورلڈ ملیریا ڈے منانے کا مقصد اس دنیا کو ملیریا سے پاک کرنا ہے اس وقت تقریبا 36 کے قریب ممالک میں ملیریا ختم ہو چکا ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پوری دنیا سے ملیریا کا خاتمہ کیا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں