جڑانوالہ :جانوروں کے مفت علاج کیلئے طبی کیمپ کا انعقاد
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )جانوروں کے عالمی دن پر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز (UVAS)لاہور کے ماہرین ، طلباء و طالبات کی تنظیم سیورز کے اشتراک سے نواحی گاؤں 126 گ ب شہروآنہ میں جانوروں کے مفت علاج کا کیمپ لگایا گیا۔۔۔
یونیورسٹی ماہرین میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اونیب،لیکچرار ڈاکٹر اویس،لیکچرار ڈاکٹر فرحان اورلیکچرار ڈاکٹر عصمت بھی شامل تھے ۔جڑانوالہ کے سیاسی و سماجی رہنما وسیم قریشی ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر احمد وسیم قریشی کے تعاون سے ان کے ڈیرے پر لگائے گئے کیمپ میں سینکڑوں افراد اپنے جانوروں کو لے کر آئے ،مویشی پال حضرات کے جانوروں کو ویکسی نیشن،صحت کے عمومی معائنے اور بیماریوں سے بچاؤ کی مفت سہولیات فراہم کی گئیں۔کیمپ میں ڈاکٹرز نے مویشی پال حضرات کو مویشیوں،پالتو جانوروں اور جنگلی حیات کی صحت بارے آگاہی اورتربیت دی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر احمد وسیم قریشی نے بتایا کہ کیمپ لگانے کا مقصد پسماندہ علاقوں میں جانوروں کیلئے طبی سہولیات کی رسائی کو یقینی بنانا اور عوامی شعور بیدار کرنا تھا۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق اس طرح کے پروگراموں کو ملک بھر میں وسعت دینے کیلئے حکومتی اور نجی اداروں کے ساتھ شراکت داری پر کام جاری ہے ۔