کمالیہ :ریسکیو 1122 کی سیلاب سے نمٹنے کیلئے فرضی مشقیں

کمالیہ :ریسکیو 1122 کی سیلاب سے نمٹنے کیلئے فرضی مشقیں

ٹو بہ ٹیک سنگھ ،کمالیہ،جکھڑ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا،نمائندہ خصوصی ،سٹی رپورٹر )ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تیاریاں مکمل ، ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کمالیہ تارا حویلی کے مقام پرپری فلڈ فرضی مشقوں کا انعقادکیا گیا۔۔۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو 1122 میاں فراز منیر کی زیر صدارت پری فلڈ فرضی مشقوں میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل ذیشان لبھا مسیح نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔مشقوں میں ریسکیو ٹیموں کے علاوہ سول ڈیفنس، پولیس، ہیلتھ، لائیو سٹاک، پی ڈی ایم اے سمیت دیگر اداروں اور ریسکیو وولینٹیزز نے بھی شرکت کی ،اس موقع پر مختلف محکموں کی جانب سے ریلیف کیمپس لگائے گئے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنر ل نے تمام کیمپس کا معائنہ کیا اور ریسکیو1122ٹوبہ کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ فرضی مشقوں کے دوران ریسکیووولینٹیرز نے صلاحتیوں کوبروئے کار لاتے ہوئے ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے اورCPRکرتے ہوئے جان بچانے کی مشقوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا ۔ دریں اثنا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)نے سماجی ادارہ صبغت اللہ ویلفیئر سوسائٹی رجسٹرڈ کمالیہ کے زیر اہتمام ایلیمنٹری سکول تارا حویلی میں لگائے گئے فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا اور ان کی خدمات کو خوب سراہا ۔ اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف باجوہ، ڈاکٹر کاشف ندیم ڈاکٹر عاصم اعجاز، محمد صدیق ، آصف منیر اور دیگر ہیلتھ سٹاف موجود تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں