سونا 5 سال کے دوران 2 لاکھ 84 ہزار روپے مہنگا ، شادی کیلئے زیور بنانا خواب ، مارکیٹیں ویران

سونا 5 سال کے دوران 2 لاکھ 84 ہزار روپے مہنگا ، شادی کیلئے زیور بنانا خواب ، مارکیٹیں ویران

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سونے کی قیمت میں پانچ سال کے دوران 2 لاکھ 84 ہزار روپے کا اضافہ، فیصل آباد کی صرافہ مارکیٹوں میں گاہکوں کی تعداد 70 فیصد تک گر گئی۔ متعدد سنار کاروبار تبدیل کرگئے ۔

 مارکیٹ میں خریداروں کی تعداد میں غیر معمولی کمی آ گئی ہے ۔ 2020 میں سونا 90 ہزار روپے فی تولہ تھا، لیکن پانچ سال کے اندر اس کی قیمت پونے چار لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے جو عوام کی قوت خرید سے باہر ہو چکا ہے ۔ 2021 میں سونے کی قیمت 1 لاکھ 10 ہزار روپے فی تولہ تھی۔ جو 2022 میں بڑھ کر 1 لاکھ 45 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔ 2023 میں عالمی اقتصادی بحران اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث سونے کی قیمت 2 لاکھ روپے فی تولہ تک جا پہنچی، جبکہ 2024 کے آخر تک یہ قیمت 2لاکھ 35ہزار روپے تک پہنچ چکی تھی۔ جبکہ رواں سال قیمت 3لاکھ 74 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے ، جو ایک ریکارڈ اضافہ ہے ۔ بڑھتی قیمت نے جہاں ایک طرف عوام کو مشکل میں ڈال دیا ہے ، وہیں دوسری طرف دکاندار بھی کاروبار کی سست روی سے پریشان ہیں۔ صرافہ مارکیٹ کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ اب وہ دن گئے جب زیورات کی خریداری کے لیے لوگ مارکیٹ میں آتے تھے ۔ موجودہ معاشی صورتحال اور سونے کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کو اپنی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات میں ڈال دیا ہے ۔ شادیوں کے لیے زیورات خریدنے والے اب گریز کر رہے ہیں ۔اقتصادی ماہرین کا خیال ہے قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں