اسرائیلی دہشتگردی عالمی جنگ کی طرف دھکیل رہی :آصف رضا

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)فلسطین پر اسرائیل کی دہشت گردی دنیا کو تیسری عالمی جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے ، دنیا کو پرامن بنانے کے لیے فلسطین کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا۔ اسرائیل کی انتہا پسندی سے پورے خطے کا امن و امان خطرے میں ہے۔۔۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر محمد آصف رضا قادری نے جامع مسجد المدنیہ،حمزہ ٹاؤن سے نکالی گئی\'\'صدائے فلسطین ریلی \'\' کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی کی یہ جنگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔ نہتے اور مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت غیر آئینی،غیر اخلاقی،غیر جمہوری اور غیر انسانی ہے ، عالمی برادری اسرائیل کے جنگی جرائم کا فوری نوٹس لے ، او ائی سی عرب لیگ اور سعودی عرب کو چاہیے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف یکجہتی اور بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیں، فلسطین اور غزہ میں خوراک پانی ادویات اور خردونوش کی کمی ایک دوسرے بڑے انسانی المیہ کو جنم دے سکتی ہے ، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر فلسطین کے پرامن حل کے لیے جدوجہد تیز کریں، فلسطین پر اسرائیل کو اپنا غاصبانہ قبضہ فوری طور پر ختم کرنا چاہیے اور دنیا کو امن کی طرف جانا چاہیے ۔